بدعنوانی بلاشبہ ایک ناسور،کسی بھی ملک یا صوبے میں معاشی اور معاشرتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے،گورنر بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے بدعنوانی کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بدعنوانی بلاشبہ ایک ناسور ہے جو کسی بھی ملک یا صوبے میں معاشی اور معاشرتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ کرپشن کی لعنت نے ہماری روزمرہ کی زندگی کے ہر پہلو کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ضروری ہے ہے کہ کسی بھی قوم کی ترقی اور شہریوں کو ان کے جائز حقوق حاصل کرنے کیلئے ہر سطح پر بدعنوانی کا خاتمہ آولین شرط ہے۔ بدعنوانی کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن کے دستخط کنندہ کے طور پر، قومی احتساب بیورو پاکستان میں بدعنوانی کے خلاف اپنی جنگ میں پرعزم ہے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے ہمیں اس کی بنیادی وجوہات پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ بدعنوانی ہرگز کوئی انفرادی مسئلہ نہیں ہے۔ بدعنوانی کے خاتمے کیلئے حکومتی اور انفرادی سطح پر مشترکہ شعوری کوششیں ضروری ہیں جس سے نہ صرف افراد بلکہ خاندان اور کمیونٹیز بھی متاثر ہوتی ہیں۔ حکومت، قومی احتساب بیورو اور شہریوں کو بدعنوانی کے خاتمے اور انصاف کی فراہمی کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے ہمیں ملکر مل کر کام کرنا ہوگا۔ انسداد بدعنوانی کا بین الاقوامی دن ہم سب کیلئے تجدید عہد کا دن ہے جو ہمیں بدعنوان عناصر کو پاک کرکے اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ کر بدعنوانی سے نمٹنے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرنے کی تحریک دیتا ہے۔ ہمیں پختہ یقین ہے کہ انسداد بدعنوانی کے اقدامات سے نہ صرف حکومتی اداروں پر عوام کا مزید اعتماد بحال ہوگا بلکہ خود احتسابی، شفافیت اور خود ذمہ داری کو بھی فروغ ملے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں