کوئٹہ(این این آئی)ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے بلدیاتی انتخابات کے التوا کی درخواست کو مسلط کردہ صوبائی حکومت کی بوکھلاہٹ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تمام حقیقی سیاسی جماعتیں بلدیاتی انتخابات کیلئے تمام تیاریاں کرچکی ہے اور اس وقت عوامی رابطہ مہم کے ذریعے الیکشن کمپیئن چلارہی ہیں جبکہ صوبائی الیکشن کمیشن نے بھی اپنی جانب سے تیاریاں مکمل ہونے کی تصدیق کردی ہے ایسے میں وزیر اعلی کی جانب سے انتخابات کے التوا کی درخواست چند چیزوں کا اعتراف کرتاہوا ملتا ہے، پہلی چیز کہ صوبائی حکومت الیکشن کے نتائج سے باخبر اور عوام کے غیض و غضب سے مکمل آگاہ ہے دوسری کہ صوبائی حکومت امن و امان کی خراب صورتحال کا اعتراف کرکے اپنی ناکامی تسلیم کررہی ہے تیسری کہ صوبائی حکومت سمجھ چکی ہے کہ اس انتخابات کے نتائج کے بعد کوئٹہ شہر اور صوبے میں جاری کمیشن و کرپشن کا سلسلہ جاری نہیں رہ سکتا۰ بیان میں کہا گیا کہ کوئٹہ کے بلدیاتی اداروں کے انتخابات کرانے کے احکامات اعلی عدلیہ نے دی ہے جسے ہر صورت ممکن بنانا صوبائی حکومت کی زمہ داری و فرائض میں شامل ہے اگر صوبائی حکومت اس زمہ داری اور حکم سے راہ فرار اختیار کرتی ہے تو ان کا صوبے پر بھی مسلط رہنے کا کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں رہتا بیان میں طویل عرصے بعد ہر صورت میں ضلع کوئٹہ کے بلدیاتی انتخات کرانے کو ممکن بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔

