بلوچستان، خیبر پختونخوا و دیگر خطوں میں بے شمار معدنیات موجود،جدید طریقوں سے بروئے کار لا کر ملکی معیشت میں بہتری لائی جا سکتی ہے،سیدال ناصر

کوئٹہ+اسلام آباد(این این آئی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی وسائل، قدرتی مناظر اور قیمتی معدنی ذخائر سے مالامال ہے بلوچستان، خیبر پختونخوا اور دیگر خطوں میں بے شمار معدنیات موجود ہیں جنہیں شفاف اور جدید طریقوں سے بروئے کار لا کر ملکی معیشت میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے یہ بات انہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پارلیمنٹیرین، قبائلی عمائدین، طلبہ، وکلا، کاروباری برادری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی ملاقات میں ملکی صورتحال، قانون سازی، معاشی استحکام، روزگار کے مواقع، صوبائی ترقی اور قومی یکجہتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ملک میں معاشی استحکام، عوامی ریلیف اور پائیدار ترقی کے لیے مؤثر قانون سازی عمل میں لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ عوام کو روزگار کے وسیع مواقع فراہم کیے جائیں، کمزور اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کیا جائے اور وسائل کے بہترین استعمال کو یقینی بنایا جائے۔سیدال خان نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل، قدرتی مناظر اور قیمتی معدنی ذخائر سے مالامال ہے۔ بلوچستان، خیبر پختونخوا اور دیگر خطوں میں بے شمار معدنیات موجود ہیں جنہیں شفاف اور جدید طریقوں سے بروئے کار لا کر ملکی معیشت میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین نے اپنے علاقوں کے مسائل، ترقیاتی ضروریات اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے امکانات سے متعلق تجاویز بھی پیش کیں۔انہوں نے کہا کہ وکلا برادری کے نمائندوں نے عدالتی اصلاحات، انصاف کی بروقت فراہمی اور پارلیمانی سطح پر قانونی معاونت کے حوالے سے اہم نکات اٹھائے، جبکہ طلبہ نے تعلیم، اسکالرشپس، کیریئر گائیڈنس اور نوجوانوں کے لیے حکومتی مواقع پر تجاویز پیش کیں۔ پارلیمنٹیرین نے جاری قانون سازی اور عوامی فلاح کے اقدامات سے متعلق امور زیرِ بحث لائے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے اس موقع پر کہا کہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں، اداروں، قبائلی قیادت، نوجوانوں اور سول سوسائٹی کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ایوانِ بالا ایسی قانون سازی کرے گا جس سے عام آدمی کو مزید ریلیف ملے، ملکی معیشت مستحکم ہو، قدرتی وسائل کا بہترین استعمال یقینی بنایا جائے اور عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھلیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے وڑن کے مطابق ہم سب مل کر باہمی اتحاد سے ملک میں مثبت، مؤثر اور دیرپا تبدیلی لا سکتے ہیں۔دریں اثناء ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ملاقات کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل عاصم منیر کو ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر مبارکباد پیش کی انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ بصیرت، دفاعی حکمت عملی اور غیر معمولی قیادت کو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانیوں نے وطن عزیز کو مضبوط تر بنایا ہے اور پوری قوم ان کی مقروض ہے۔سیدال خان نے کہا کہ چیف اف ڈیفنس فورسز جنرل عاصم منیر کی بدولت پاکستان کا دفاعی نظام مزید مضبوط ہوا ہے، اور پوری قوم کو ان کی قیادت پر مکمل فخر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک میں دہشت گردی کے چیلنج پر بھی عاصم منیر اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے مؤثر کنٹرول یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم اْمہ کے لیے عزت، استحکام اور فخر کا باعث بن چکے ہیں، خصوصاً ان کا بطور چیف آف ڈیفنس فورسز کردار مسلم دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں