لاہور(این این آئی) لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر جمیل اختر بیگ نے کہا ہے کہ ٹیکس چوری کی نشاندہی کے لیے جدید ڈیجیٹل سسٹمز متعارف کرانے کی ضرورت ہے،سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس قوانین کو سادہ اور ہم آہنگ کیا جائے تاکہ کاروباری برادری پر غیر ضروری بوجھ کم ہو سکے۔ لاہور ٹیکس بار کے ممبران سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے جمیل اختر بیگ نے کہا کہ چھوٹے تاجروں کے لیے سادہ اور فکس ٹیکس کاڈھانچہ متعارف کرانے کی ضرورت ہے،ٹیکس رجسٹریشن کو شناختی کارڈ سے منسلک کیا جائے،تمام بڑے مالیاتی لین دین کو ہر صورت ڈیجیٹل کیا جائے تاکہ ٹیکس چوری کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس کی یکساں شرح مقرر کی جائے تاکہ صوبائی اور وفاقی تنازعات کم ہوں، تجاویز پر مبنی اصلاحات اگر شفاف طریقے سے نافذ کی جائیں تو نہ صرف ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوگا بلکہ کاروباری ماحول بھی بہتر ہوگا۔

