سانحہ اے پی ایس شہداء کی یاد کو تازہ، ملکی تحفظ کیلئے ہر قربانی دینے کے عزم کا دن ہے، میرسرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے موقع پر اپنے پیغام میں عظیم اور بہادر معصوم بچوں، اساتذہ کرام اور دیگر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم آج بھی ان قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے ملک کی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش باب رقم کیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس نہ صرف شہداء کی یاد کو تازہ کرنے کا دن ہے بلکہ اس عہد کی تجدید کا موقع بھی ہے کہ وطنِ عزیز کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دی جائے گی مگر مادرِ وطن پر کبھی آنچ نہیں آنے دی جائے گی میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ آرمی پبلک اسکول کے معصوم بچوں، اساتذہ کرام اور سیکیورٹی اہلکاروں کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا، اور ان کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی بنیاد ہیں انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس نے بزدل، انسانیت سے عاری اور درندہ صفت دہشت گردوں کے مکروہ چہروں کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا جو نہ بچوں کو بخش سکے اور نہ ہی انسانیت کی کوئی رمق رکھتے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری ہے اور ان شاء اللہ اس میں فتح پاکستان اور پاکستانی عوام کا مقدر بنے گی میر سرفراز بگٹی نے مادرِ وطن کے تحفظ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے عظیم جوانوں کو ملک و قوم کے ہیرو اور محسن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قوم کے حوصلے اور اتحاد کی علامت ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں