اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ تاجکستان کی وزیر ثقافت محترمہ ستاریون متلوبخون امان زادہ نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس میں ثقافت کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب کھچی، معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی کے تناظر میں پاکستان کے دورے دورے پر آئے ہوئے تاجک وزیر اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کا مشترکہ ورثہ عوام کے درمیان رابطوں اور ثقافتی تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کے جاری مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور ثقافت کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کی شاندار روایات، فنون اور ورثے کو منانے کے لیے ایک تاریخی اقدام کے طور پر اس ہفتے اسلام آباد میں جاری پاکستان تاجکستان ثقافتی ہفتہ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تبادلے باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیں گے اور پاکستان اور تاجکستان کے عوام کے درمیان دوستی مزید مضبوط ہو گی۔وزیراعظم نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے تاجکستان کے ساتھ تجارت، رابطے، توانائی اور ثقافت سمیت کثیر جہتی تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے صدر امام علی رحمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ اگلے سال پاکستان کے سرکاری دورہ کریں گے۔ تاجک وزیر ثقافت نے وزیراعظم کو صدر امام علی رحمان کی نیک خواہشات پہنچائیں۔ تاجک وزیر نے پاکستان کی مہمان نوازی اور ثقافتی سفارت کاری کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے مشترکہ ثقافتی پروگراموں بشمول فنکاروں کے تبادلے، تہواروں اور نمائشوں کو بڑھانے میں تاجکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔تاجک صدر امام علی رحمان اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے درمیان یہ طے پایا تھا کہ پاکستان میں تاجکستان کا ثقافتی ہفتہ منایا جائے گا۔ اسی تناظر میں تاجکستان کے وزیر ثقافت پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔

