ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار حکومت کی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے،سردار عبدالرحمن کھیتران

کوئٹہ(این این آئی)صوبائی وزیرپی ا یچ ای نگ اینڈ واسا سردار عبدالرحمن کھیتران نے رکنی بازار کا دورہ کیا اور وہاں زیرِ تعمیر نالہ منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کا مقصد جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار کا خود مشاہدہ کرنا تھا۔اس موقع پر ایس ڈی او بی اینڈ آر اسماعیل کھیتران نے صوبائی وزیر کو منصوبے کی پیش رفت، فنی امور اور تکمیل کے مختلف مراحل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ نالہ منصوبہ رکنی بازار میں نکاسی آب کے دیرینہ مسئلے کے مستقل حل کے لیے تعمیر کیا جا رہا ہے، جس سے کاروباری طبقے اور شہریوں کو سہولت میسر آئے گی۔صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے کام کے معیار پر خصوصی زور دیتے ہوئے ایس ڈی او اور متعلقہ ٹھیکیدار کو واضح اور سخت ہدایات جاری کیں کہ تعمیراتی کام میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار حکومت کی پالیسی کا بنیادی حصہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ایسے منصوبے شہری مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ علاقے کی مجموعی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں