الحمدللہ بلوچستان بھر میں محرم الحرام کے حوالے سے تمام مجالس اور جلوس پرامن ماحول میں خیر و عافیت سے اختتام پذیر ہوئے،وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ الحمدللہ بلوچستان بھر میں محرم الحرام کے حوالے سے تمام مجالس اور جلوس پرامن ماحول میں خیر و عافیت سے اختتام پذیر ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سول انتظامیہ، رضاکاروں، علمائے کرام، منتظمینِ مجالس و جلوس اور عوام کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں نے بروقت، مؤثر اور مربوط کوآرڈینیشن کے ذریعے محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے گزشتہ برسوں کے تجربات کی روشنی میں اس سال سکیورٹی اور انتظامی منصوبہ بندی کو مزید مؤثر، مربوط اور جامع بنایا گیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کے درمیان بہترین رابطے اور مشترکہ حکمت عملی کی بدولت عزاداروں کو پرامن ماحول میں اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا گیا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ کی طرح مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے، برداشت اور ذمہ داری کا شاندار مظاہرہ کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے حکومت، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام ایک ہی صفحے پر ہیں اور یہی قومی یکجہتی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے محرم الحرام کے دوران فرائض انجام دینے والے پولیس، لیویز، ایف سی، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں، ریسکیو سروسز، محکمہ صحت، بلدیاتی اداروں اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاروں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، مستعدی اور جذب? خدمت کی بدولت پورے صوبے میں امن و امان کی فضا برقرار رہی انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ، مذہبی آزادی اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں