وزیر اعظم شہباز شریف سے سردار فتح محمد حسنی کی ملاقات، بلوچستان کے مسائل و ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

خاران( محمد عیسی محمدحسنی )وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما، سابق وفاقی وزیر اور سینیٹر سردار فتح محمد محمد حسنی نے گزشتہ روز وزیر اعظم ہاؤس میں اہم ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال، سیاسی امور، ترقیاتی منصوبے اور پارٹی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیاملاقات کے دوران سردار فتح محمد محمد حسنی نے وزیر اعظم پاکستان کو بلوچستان میں درپیش مسائل، عوامی مشکلات، اور صوبے کے ترقیاتی امکانات کے حوالے سے جامع بریفنگ دی اور تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے خاص طور پر بلوچستان میں جاری بڑے منصوبوں، علاقے کی محرومیوں، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع، تعلیم و صحت کی سہولیات میں بہتری اور پارٹی معاملات سے متعلق نکات پر توجہ دلائی۔وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے سردار فتح محمد محمد حسنی کی تجویز کردہ نکات کو نہایت سنجیدگی سے سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان کے سینئر ترین سیاستدانوں میں سے ایک ہیں، جن کا مشاہدہ، تجربہ اور تجویز کردہ حل ہمیشہ رہنمائی فراہم کرتے ہیں انہوں نے یقین دلایا کہ بلوچستان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور سردار محمد حسنی کی تجاویز کو عملی جامہ پہنایا جائے گاوزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان ان کے دل کے قریب ہے، اور وہ اس کی محرومیوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک پروجیکٹ، گوادر پورٹ اور سی پیک جیسے میگا منصوبے صرف بلوچستان نہیں بلکہ پورے پاکستان کی معاشی ترقی کی کنجی ہیں، جن سے لاکھوں لوگوں کو روزگار ملے گا اور صوبے کی تقدیر بدلے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی، امن اور سیاسی استحکام کے لیے مسلسل مشاورت اور مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی

اپنا تبصرہ بھیجیں