اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقہ بویا میں فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔وزیر داخلہ نے کارروائی کے دوران 4 حملہ آور خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اداروں کی مستعدی نے علاقہ کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ محسن نقوی نے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے سیکورٹی فورسز کے 4 اہلکاروں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر فتنہ الخوارج کے حملے کو ناکام بنایا۔ ہم شہدا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔وزیر داخلہ نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور حملے میں زخمی ہونے والے 15 شہریوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

