اسلام آباد(این این آئی)تاجکستان کے صدر کے متوقع دورہ پاکستان کے موقع پر ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے باقاعدہ معاہدے طے کرنے پر اتفاق کیاگیا ہے۔تاجکستان کی وزیر ثقافت تاجک ثقافتی ہفتہ منانے کیلئے پاکستان کے خصوصی دورے پر ہیں ا س دور ان انہوں نے وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعاون، ڈیجیٹل میڈیا میں اشتراک، میڈیا روابط کے فروغ، باہمی تعلقات اور دو طرفہ ادبی و ثقافتی ورثے کے تحفظ و فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ثقافتی، میڈیا تعاون اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔وزیر اطلاعات نے پاک تاجک ہفتہ ثقافت کے انعقاد پر تاجکستان کی وزیر ثقافت کو مبارکباد دی اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان صدیوں پر محیط قدیم، گہرے تاریخی اور ثقافتی روابط ہیں، پاکستان ثقافتی سفارت کاری کو بہت اہمیت دیتا ہے۔عطاء تارڑ نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا موجودہ دور میں عوامی رابطے، ثقافتی ہم آہنگی اور مثبت بیانے کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال کی شاعری پاکستان اور تاجکستان کے عوام کے درمیان فکری ہم آہنگی اور باہمی قربت کی علامت ہے۔انہوں نے کہاکہ فارسی کے عظیم شعراء دونوں ممالک میں قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں، دونوں برادر ممالک اس مشترکہ ادبی و ثقافتی ورثے کے تحفظ و فروغ کو اہمیت دیتے ہیں۔اس موقع پر وزیر ثقافت تاجکستان نے کہا کہ تاجکستان پاکستان کے ساتھ ثقافتی تبادلے اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں قریبی تعاون کو جاری رکھے گا، مشترکہ ادبی و ثقافتی ورثے کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اجاگر کیا جائے گا۔

