پشاور/مظفر آباد/اسلام آباد(این این آئی) خیبرپختونخوا، بلوچستان اور آزاد کشمیر کے مختلف حصوں میں شدید بارش اور برفباری دوسرے روز بھی جاری رہی جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں پشاور، ہنگو اور چارسدہ کے مقام پر بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ چترال، کالام، مہوڈنڈ اور مالم جبہ میں برفباری کے بعد ہر شے نے سفید چادر اوڑھ لی، وادی نیلم میں بھی بارش ہوئی، بالائی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے جاری برف باری نے سردی میں اضافہ کر دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق صوبہ بلوچستان میں بھی طویل انتظار کے بعد بارش ہوئی، گزشتہ روز بارش کے ساتھ ہی صوبے بھر میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں بارش اور برفباری کا سلسلہ مزید جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے، سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

