کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سرگرم رکن عصمت اللہ خلجی پر فائرنگ کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبے میں سیاسی کارکنوں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ایسے بزدلانہ واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان کو آگاہ کیا گیا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے گزشتہ شب پیپلز پارٹی کے سرگرم رکن عصمت اللہ خلجی کو پارٹی کے پوسٹر آویزاں کرتے ہوئے مسلح افراد نے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا تھا جس کے بعد انہیں فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں وہ اس وقت زیر علاج ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پیپلزپارٹی کے زخمی کارکن عصمت اللہ خلجی کی جلد صحت یابی کے لیے دعا اور نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انہیں علاج معالجے کی تمام بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

