ڈیرہ بگٹی(رپورٹر)ایف سی بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع ڈیرہ بگٹی میں عوامی مسائل کے حل کے لیے منعقدہ کھلی کچہری عوامی توقعات کی نئی امید بن گئی اس اہم اجلاس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران کے ساتھ ساتھ ایف سی بلوچستان کے آفیسران نے بھی شرکت کی، جہاں شہریوں نے گیس کی فراہمی، صحت کی سہولیات، تعلیمی مسائل اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی سے متعلق شکایات اور تجاویز پیش کیں۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حسنین احمد اور لفٹیننٹ کرنل کامران حفیظ نے عوام کے مسائل نہایت توجہ اور سنجیدگی سے سنے اور فوری حل کے لیے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایات جاری کیں بعض شکایات پر موقع پر ہی اقدامات کی منظوری بھی دی گئی حکام کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانا اور شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنا ہے عوام نے اس اقدام کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے پروگرام آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے


