لورالائی(میاں محمد عامر بشیر آرائیں) کیسکو کی بدترین لوڈشیڈنگ، اندھیری راتوں نے چوروں کو عوام لوٹنے کا سنہری موقع دے دیا۔لورالائی شہر اور گردونواح میں کیسکو کی جانب سے ساری ساری رات بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ شدید سردی کے موسم میں بجلی کی بندش کے باعث شہری سخت اذیت میں مبتلا ہیں جبکہ اندھیری راتوں نے چوروں اور جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ دے دی ہے، جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں چوری اور وارداتوں میں تشویشناک وارداتیں ہو سکتی ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ رات بھر بجلی نہ ہونے کے باعث گھروں اور گلی محلوں میں مکمل اندھیرا چھایا رہتا ہے، اسٹریٹ لائٹس بند ہونے سے چور آسانی سے گھروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ متعدد علاقوں میں موٹر سائیکل، قیمتی سامان اور گھروں سے نقدی چوری ہونے کے واقعات پیش آئے ہیں، تاہم اندھیرے کے باعث ملزمان کی شناخت اور گرفتاری ممکن نہیں ہو پا رہی۔متاثرہ شہریوں نے شکایت کی ہے کہ کیسکو انتظامیہ سے بارہا رابطہ کرنے کے باوجود لوڈشیڈنگ کا کوئی واضح شیڈول فراہم نہیں کیا جا رہا، جس سے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر بجلی کی بندش ناگزیر ہے تو کم از کم اوقات کار کا اعلان کیا جائے تاکہ عوام احتیاطی تدابیر اختیار کر سکیں۔
شہریوں، سماجی حلقوں اور تاجر تنظیموں نے ضلعی انتظامیہ، کیسکو حکام اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے، شہر میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں۔ بصورت دیگر شہریوں نے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا عندیہ بھی دے دیا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی طویل بندش نہ صرف سیکیورٹی کے سنگین مسائل کو جنم دے رہی ہے بلکہ طلبہ، مریضوں، بزرگوں اور کاروباری طبقے کو بھی شدید نقصان پہنچا رہی ہے، جس کا فوری نوٹس لیا جانا ناگزیر ہے۔

