اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع قلات میں فتنتہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پر سکیو رٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے آپریشن میں فتنتہ الہندوستان کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی۔انہوں نے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔

