کوئٹہ (این این آئی) انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر کا شہداء اور پولیس ملازمین کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے جانے والے تاریخی اقدامات کے تحت شہدا پیکیج کے تحت ملنے والی مالی معاونت میں کئی گنا اضافہ کردیا گیا اس کے علاوہ شہداء کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے کیڈٹ اور ریزیڈنشل کالجز میں داخلوں میں فیس کی ادائیگی کے ساتھ میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو انعامات دیئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ دنوں اپنے عہدے کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد پولیس کے شہداء ، حاضر سروس اور وفات پانے والوں سمیت ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے بچوں کی فلاح و بہبودکیلئے دیئے جانے والے پیکج میں اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہداء اور فورس کے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین اور ان کے بچوں کا ہم پر حق ہے کیونکہ شہداء نے جو قربانی دی ہے وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ہم ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائی گے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ان کے بچوں اور پولیس ملازمین کو درپیش مشکلات کو دور کرنا ہمارا اولین فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ملازمین اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔ یہ اقدام محکمہ پولیس کی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے۔بلوچستان پولیس کی جانب سے شہدا، حاضر سروس فوت شدہ اور ریٹائرڈ ملازمین کے لیے ایک جامع اور تاریخی فلاحی پیکیج کا اعلان اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ محکمہ پولیس اپنے ہیروز،پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو کھبی بھی فراموش نہیں کرسکتا۔یہ تاریخی اقدام نہ صرف بلوچستان پولیس کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے بلکہ یہ دوسرے اداروں کے لیے بھی ایک مثالی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی پیکج کی مد میں شہدا کے خاندانوں کی فوری مالی معاونت کے لیے دی جانے والی رقم کو 1 لاکھ سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے اور دوران ڈیوٹی شدید زخمی اہلکاروں کو 10 ہزار سے بڑھا کر 1 لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو 5 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کردیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شہدا کی تدفین کے اخراجات کے لیے مالی معاونت کو بھی بڑھایا گیا ہے۔ صوبے میں شہدا کی تدفین کی مالی معاونت کو 40 ہزار سے بڑھا کر 75 ہزار روپے اور صوبے سے باہر میت لے جانے پر 50 ہزار سے بڑھا کر 1 لاکھ روپے دیے جائیں گے، جبکہ تدفین کی دیگر ضروریات کے لیے 20 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کی رقم مختص کردی گئی ہے۔پولیس ملازمین کی شادی کیلئے مالی معاونت کو 12500سے بڑھا کر 50ہزارروپے اور شہداء او ر فوت ہونے والے اہلکاروں کی بیٹیوں کی شادی کی امدادی رقم کو 50 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے اور حاضر سروس یا ریٹائرڈ ملازمین کی دو بیٹیوں کے لیے 25 ہزار سے بڑھا کر 1 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ گریڈ 1 تا 11تک فوت ہونیو الے ملازمین کی بیواؤں کی مالی معاونت کو 7,500 سے 12,000 روپے،گریڈ 12 تا 15تک 8,750 سے بڑھا کر14,000 روپے،گریڈ 16 تا 17تک 10,000 سے 16,000 روپے اور گریڈ 18تک 12,600 سے بڑھا کر20,000 روپے اور ان کے بچوں کو سالانہ 12ہزار سے بڑھا کر 18ہراز روپے مقرر کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس ملازمین کے بچوں کو بلوچستان کے کیڈٹ اور ریزیذنشل کالجز میں میرٹ کی بنیاد پر داخلہ حاصل کرنے پر ان کی ٹیوشن فیس پولیس ویلفیئر فنڈ سے ادا کی جائے گی۔بلوچستان بورڈ کے تحت میٹرک یا انٹرمیڈیٹ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے پولیس ملازمین کے بچوں کو خصوصی انعامات دیے جائیں گے، جن میں پہلی پوزیشن پر 50,000 روپے،دوسری پوزیشن پر 40,000 روپے اور تیسری پوزیشن پر 30,000 روپے دیئے جائیں گے۔

