کوئٹہ(این این آئی) ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیب الرحمن قمبرانی نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر کی صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے آئندہ 15روز میں ڈسٹرکٹ کونسل کوئٹہ کے علاقوں کو بھی صفاء کوئٹہ کے حوالے کیا جارہا ہے، شہر میں اس وقت 1300ٹن سے زائد یومیہ کچہر ہ اٹھا جارہا ہے، کوئٹہ میں 500سے زائد اسٹریٹ لائٹس فعال کردی ہیں، میٹروپولیٹن کے 300گھوسٹ ملازمین کے خلاف کاروائی کی گئی ہے، میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی تشکیل نو کر کے ٹیکس و ریونیو، باغبانی سمیت دیگر شعبوں میں ماہرین تعینات کیے جارہے ہیں۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب کے پروگرام حال احوال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید بھی موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیب الرحمن قمبرانی نے کہا کہ میٹروپو لیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی تنظیم نو کر کے ٹیکس، ریونیو، فنانس، باغبانی،فائن آرٹس کے شعبوں میں ماہرین تعینات کرنے جارہے ہیں ہم عوام اور حکومت کے درمیان پائے جانے والے اعتمادکے فقدان کو پر کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں صفائی کے مسئلہ اہم ہے صفاء کوئٹہ کے ساتھ صرف 58وارڈز کا معاہدہ کیا گیا تھا جس میں ڈسٹرکٹ کونسل شامل نہیں تھی وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد 15روز میں صفاء کوئٹہ کو کچلاک، سریاب، نوحصار سمیت مکمل شہر میں صفائی کی ذمہ داری دی جائیگی ساتھ ہی شہر میں سالہ سال سے موجود کچرہ اٹھانے کی مہم شروع کی جارہی ہے جس کی تکمیل پر مارچ میں شہر سے ماضی کا تمام کچرہ اٹھا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں اس وقت یومیہ 1300ٹن سے زائد کچرہ اٹھایا جارہا ہے جبکہ صفاء کوئٹہ میں شکایات درج کروانے کے لیے وٹس ایپ نمبر جاری کردیا گیا ہے شہریوں کی درخواست پر 24گھنٹے میں عملدآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں دو نئے ونگ بنائے گئے ہیں ہارٹی کلچر (باغبانی) ونگ کے تحت مارچ میں شہر میں شجر کاری مہم شروع ہوگی جس کے تحت شہر بھر میں شجر کاری کرنے کے ساتھ ساتھ درختوں کی دیکھ بحال پر عملہ مامور کیا جائیگااس کے ساتھ ساتھ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی نرسری، درختوں کی اقسام، تعداد سمیت دیگر اہم امور کو بھی جدید نظام کے ساتھ منسلک کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائن آرٹس کے شعبے کے تحت شہر بھر میں مجسمے، دیواروں پر وال پینٹنگ سمیت دیگر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیاجا سکے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کو مکمل طور پر جدید خطوط پر استوار کرنے جارہے ہیں جس کے تحت برتھ، ڈیتھ اور میرج سرٹیفکیٹس، میٹروپولیٹن کے تمام اثاثوں کا ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کیا جائیگا جامعہ بلوچستان کے ساتھ کیے گئے معاہدے کے تحت 10جنوری تک تمام اثاثوں کی جیو ٹیگنگ مکمل کرلی جائیگی جبکہ جلد ہی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی موبائل ایپلی کیشن بھی شروع کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے قدیم کیفے بلدیہ کو بھی دوبارہ تعمیر کیاجارہا ہے جس کا افتتاح مارچ میں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں بلڈنگ کوڈ کا جائزہ لیکر اسے بہتر بنانے کے لیے کام جاری ہے شہر میں ٹریفک مینجمنٹ کے لیے 100ملازمین کو تربیت فراہم کر رہے ہیں کوئٹہ میں غیر ضروری یو ٹرن بند، بعض علاقوں کو نو پارکنگ اور کچھ کو واکنگ ایریا میں تبدیل کرنے جارہے ہیں تاکہ شہر میں رش کو کم کیا جاسکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے سریاب روڈ، سبزل روڈ، ائیر پورٹ روڈ، لنک بادینی روڈ سمیت پانچ شاہراہوں پر تعمیرات پر پابندی عائد کردی ہے شہر میں تجاوزات کے خلاف کاروائی جاری ہے جبکہ تجاوزات دوبارہ قائم نہ ہونے دینے کے لیے بھی معائنہ ٹیم بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں آئندہ تین ماہ میں 30پبلک ٹوائلٹ تعمیر کریں گے جبکہ اگلے مرحلے میں 60ٹوائلٹ تعمیر ہونگے شہر میں 100مقامات پر ویٹنگ ایریا بھی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 3ماہ میں 500سے زائد اسٹریٹ لائٹس فعال کردی ہیں میں دعوؤں نہیں عملی کام پر یقین رکھتا ہوں ہر تین ماہ بعد عوام کے سامنے کارکردگی رکھیں گے۔

