بلدیاتی انتخابات سے فرار عوامی نمائندگی کے خوف کا ثبوت ہے، میر کبیر محمدشہی

کوئٹہ (رپورٹر) نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر محمدشہی نے بلدیاتی انتخابات کے التواء پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ انتخابات کے نتیجے میں جمہوری عمل کے تحت ابھرنے والی عوامی نمائندگی کے خوف سے حکومتی جماعتوں نے انتخابات سے راہ فرار اختیار کی۔ کٹھ پتلی صوبائی حکومتوں نے کوئٹہ شہر کو سات سالوں سے بلدیاتی نمائندگی اور مقامی حکومت سے محروم رکھا ہوا ہے اور نوکر شاہی کے زریعے اپنی مرضی کے مطابق بلدیاتی اداروں کو چلایا جارہا ہے جس کے باعث کوئٹہ تباہ حال اور مسائل کا گڑھ بن چکا ہے۔ کوئٹہ شہر میں بنیادی سہولیات، میونسپل سروسز، بنیادی انفرااسٹرکچر، شہری منصوبہ بندی اور کمیونٹی سروسز کی صورتحال نہایت ناقص اور زبوں حالی کا شکار ہے۔ نیشنل پارٹی منتخب مقامی حکومتوں کو نمائندہ جمہوریت کی نرسری سمجھتی ہے اور بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کی بھرپور حمایت کرتی ہے اسی لیے نیشنل پارٹی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے بھرپور کوششیں کررہی ہے اور پارٹی اس حوالے سے عدالت میں پٹیشن دائر کرکے کیس میں فریق بنی اور آگے بھی کوئٹہ میں انتخابات کے انعقاد کےلیے کوششیں جاری رکھے گی۔ کوئٹہ کے عوام اور جمہوری سیاسی جماعتوں کے بلدیاتی امیدوار اور کارکنان زور و شور سے انتخابات کی تیاروں میں مصروف تھے مگر انتخابات سے محض 4 دن پہلے حکومتی جماعتوں کے باعث انتخابات ملتوی کردیئے گئے۔ ہم نیشنل پارٹی کے ورکر اور سپورٹرز کے نہایت شکرگزار ہیں کہ جن کی محنت، شمولیت اور کوششوں سے نیشنل پارٹی کو عوام میں بھرپور پزیرائی ملی اور صرف چلتن ٹاون سے پارٹی کے 14 کونسلر بلامقابلہ منتخب ہوگئے اور شہر کی اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کی جس پر نیشنل پارٹی کی تحصیل کابینہ ، ضلعی کابینہ، صوبائی کابینہ اور مرکزی کابینہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پارٹی ورکروں کی محنت سے ثابت ہوا کہ عوام آج بھی اپنے حقیقی نمائندوں اور نیشنل پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اور فارم 47 کے جعلی نمائندوں کو مسترد کرتے ہیں اسی لیے حکومتی جماعتوں نے نوشتہ دیوار پڑھتے ہوئے انتخابات سے راہ فرار اختیار کی کیونکہ سرکاری جماعتیں اور جعلی اراکین اسمبلی عوام سے لاتعلق ہیں اور ان کی سیاست کا واحد سہارا فارم 47 ہے وہ اب بھی اپنے سلیکٹرز سے فارم 47 کی ضمانت حاصل کرنے کی کوششوں میں ہیں مگر ہم کوئٹہ کے عوام اور جمہوری سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر انتخابات میں ہیراپیری کی کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں