حب: 27 دسمبر ہمیں قربانی، استقامت اور عوامی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے: میر علی اصغر زہری

حب(رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و صوبائی وزیر میر علی حسن زہری کے پرسنل سیکرٹری میر علی اصغر زہری نے 27 دسمبر یومِ شہادت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی جدوجہد تاریخ کا ایسا باب ہے جو رہتی دنیا تک عوامی شعور، جمہوری استقامت اور نظریاتی سیاست کا روشن مینار رہے گا۔انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹوؒ نے اپنے والد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفے کو نہ صرف آگے بڑھایا بلکہ اپنی ناقابلِ تسخیر جدوجہد سے عوامی نمائندگی کا وقار بلند کیا۔ وہ صرف ایک سیاستدان نہیں بلکہ ایک سوچ، ایک نظریہ، اور جمہوریت کی جیتی جاگتی علامت تھیں۔ میر علی اصغر زہری نے کہا کہ 27 دسمبر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ آمریت، انتہا پسندی اور عوام دشمن قوتوں کے خلاف لڑنے کے لیے بہادری، شعور اور عوامی رابطے کی ضرورت ہوتی ہے، جو شہید بی بی کی قیادت میں ہمیں نظر آیا۔ آج جب ہم اُن کی شہادت کی 18ویں برسی منا رہے ہیں تو یہ ہمارا قومی، سیاسی اور اخلاقی فرض ہے کہ ان کے مشن کو جاری رکھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی شہید بینظیر بھٹوؒ کے وژن کی امین ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں یہی سفر جاری ہے۔ ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ عوام کی خدمت، جمہوریت کا استحکام، اور محروم طبقات کی آواز بننا ہی ہمارا مشن رہے گا۔ آخر میں انہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور اُن کا نام ہر اُس دل میں زندہ رہے گا جو انصاف، برابری اور عوامی حاکمیت پر یقین رکھتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں