پی ٹی آئی وزراء کا اسمبلی میں رویہ افسوسناک، یہ ہمارا ظرف ہے کہ برداشت کیا‘ عظمیٰ بخاری

لاہور (این این آئی) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی وزراء نے جو رویہ اسمبلی میں اپنایا وہ سب کے سامنے ہے، یہ ہمارا ظرف ہے کہ وہ اب تک پنجاب میں ہیں،خیبرپختونخوا کے وزراء کی طرف سے بدزبانی پر افسوس ہے، ہم نے ان کے برے رویوں کو تحمل سے برداشت کیا،یہ ہمارا ظرف ہے،وزیراعلیٰ مریم نواز مخالفین کی بے جا تنقید کی پرواہ کیے بغیر پنجاب کے عوام کی فلاح کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی پاکستان کے شہری ہیں، ان کا بھی ملک ہے، ہم نے وزیراعلی سہیل آفریدی کو پنجاب میں خوش آمدید کہا، وہ ہمارے مہمان ہیں، پنجاب اسمبلی میں ان لوگوں کو داخلے کی اجازت ملی جن کا نام لسٹ میں شامل تھا،بغیر لسٹ کے لوگوں کو پنجاب اسمبلی میں گھسایا گیا، پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے دوران ان کے رویوں اور الفاظ کے چناؤ پر فقط افسوس کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزرای کی زبان چیک کریں، انہوں نے کیا الفاظ استعمال کیے۔ ان کی جانب سے کی گئی گفتگو سے ان کی تربیت سامنے آتی ہے، ہمارا ظرف ہے کہ ان کے برے رویوں کو تحمل سے برداشت کیا گیا،پی ٹی آئی وزراء نے جس قسم کی زبان استعمال کی، ہماراظرف ہے کہ یہ اب تک پنجاب میں موجود ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلی سہیل آفریدی ہمارے مہمان ہیں، وزیراعلی سہیل آفریدی کی سکیورٹی کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے، وزیراعلی کی سکیورٹی کا انتظام نہ کرتے تو بھی تنقید ہونا تھی، اب اگر ان کی سکیورٹی کا انتظام کیا تو بھی تنقید کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں پر اسمبلی کے گارڈز کے تشدد کی مذمت کرتی ہوں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف مخالفین کی بے جا تنقید کی پرواہ کیے بغیر صوبے کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ تعلیم، صحت، امن و امان سمیت ہر شعبے کی بہتری کے لیے انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں اور ستھرا پنجاب کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے، سکیورٹی انتظامات کے لیے ڈرونز خریدے گئے اور ڈیجیٹل سسٹم نصب کیے گئے ہیں۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صوبے میں صفائی کا نظام بہتر بنایا گیا ہے، اپنا گھر اپنی چھت پروگرام کے تحت 50ہزار گھر تعمیر ہوچکے ہیں جبکہ 75ہزار زیر تعمیر ہیں۔ 13ماہ کے اندر کسان کارڈ کے ذریعے 250ارب روپے دیے گئے اور طلبہ کو الیکٹرک بائیکس فراہم کی گئی ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلی مریم نواز شریف کی جانب سے شروع کیے گئے اقدامات کے عوام پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں