ملک و قوم کے لیے محترمہ بینظیر بھٹو کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،شہباز شریف کا خراج عقیدت

اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بے نظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے جمہوریت، عوامی حقوق اور وفاق پاکستان کے استحکام کیلئے جدوجہد کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہم پاکستان کی عظیم بیٹی، سابق وزیرِاعظم بینظیر بھٹو شہید کی برسی منا رہے ہیں۔ انہوں نے جمہوریت، عوامی حقوق اور وفاقِ پاکستان کے استحکام کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔ محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت میں رواداری اور ہم آہنگی جیسی مثبت اقدار کی حوصلہ افزائی کی، انہوں نے سیاسی عمل میں رواداری کو فروغ دیا جو لائق تحسین ہے،ملک و قوم کے لیے محترمہ بینظیر بھٹو کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وزیراعظم نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاسی میراث میں جذبہ حب الوطنی نمایاں ہے، انہوں نے خواتین کے کردار کو بڑھانے، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور پاکستان کو ایک پرامن، ترقی پسند اور جمہوری ریاست بنانے کے لیے قابلِ قدر اقدامات کیے، ان کی قربانیاں اور خدمات قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں رواداری، برداشت، قانون کی حکمرانی اور عوامی فلاح کے سفر کو آگے بڑھایا جائے گا جس کے لیے بینظیر بھٹو نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بینظیر بھٹو شہید کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام اور ان کے اہلِ خانہ اور چاہنے والوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے آمین۔

اپنا تبصرہ بھیجیں