اسلام آباد (این این آئی)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بھارت کی جانب سے دریائے چناب پر دلہستی سٹیج ٹوہائیڈرو پاور پن بجلی منصوبے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دلہستی سٹیج ٹو پن بجلی منصوبے کی منظوری سندھ طاس معاہدے کی کھلی اور سنگین خلاف ورزی ہے۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر میں متنازعہ پن بجلی منصوبہ پاکستان کے تسلیم شدہ آبی حقوق پر براہِ راست حملہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی بین الاقوامی قوانین، عالمی اصولوں اور علاقائی امن کے خلاف ہے۔ نائب صدر پیپلز پارٹی نے کہاکہ دریائے چناب پر کسی بھی نئے بھارتی منصوبے سے پاکستان کی آبی، زرعی اور ماحولیاتی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ دلہستی سٹیج ٹو منصوبہ دفاعی اور تزویراتی اعتبار سے بھی پاکستان کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر کے جنوبی ایشیا میں کشیدگی اور عدم استحکام کو ہوا دے رہا ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ حالیہ دنوں دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اور غیر معمولی کمی بھارتی آبی جارحیت کا واضح ثبوت ہے۔ نائب صدر پیپلز پارٹی نے کہاکہ سندھ طاس معاہدہ کسی ایک ملک کی صوابدید نہیں بلکہ عالمی ضمانتوں کے تحت طے شدہ دستاویز ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ پاکستان کے دریاؤں پر کسی قسم کی اجارہ داری قائم کرنے کی کوشش سخت نتائج کو جنم دے سکتی ہے، پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے جس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا۔ شیری رحمن نے کہاکہ اگر بھارت باز نہ آیا تو آپریشن بنیان المرصوص کی طرح بھارت کو ایک بار پھر عزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں کو عالمی فورمز پر بھرپور اور مؤثر انداز میں اجاگر کرے گا، بھارت کو یکطرفہ اقدامات ترک کر کے بین الاقوامی معاہدوں کی مکمل پاسداری کرنا ہو گی۔

