دعا ہے2026پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا سال ثابت ہو‘حا فظ محمد افضال

لاہور(این این آئی)جمعیت علما ئے اسلام شالامار ٹاؤن کے صدر مولانا حافظ محمد افضال اور سیکرٹری جنرل محمد عثمان خان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ دعا ہے نیا سال 2026 پاکستان کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور امن کا سال ثابت ہو۔ نئے سال میں اسلامی ممالک کو باہمی اتحاد، یکجہتی اور تعاون کی طرف مزید توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے تاکہ امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مشترکہ طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔انہوں نے دعا کی کہ آنے والا سال عالمی سطح پر جاری جنگوں، تنازعات اور تفریق کے خاتمے کا سبب بنے اور دنیا بھر میں امن، بھائی چارے اور انسانی احترام کی فضا قائم ہو۔انہوں نے کہا کہ گزرا ہوا سال پاکستان کے لیے معاشی دباؤ، سیاسی بے یقینی اور سیکیورٹی چیلنجز سے بھرپور رہا۔ مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی، روزگار کے مواقع محدود ہوئے اور قوم اضطراب کا شکار رہی۔ اس کے باوجود پاکستانی قوم نے یہ ثابت کیا کہ وہ مشکل حالات میں بھی حوصلہ، صبر اور استقامت کا دامن نہیں چھوڑتی۔انہوں نے کہا کہ قوم کو اب مایوسی کے بجائے امید، محنت اور اتحاد کے راستے پر گامزن ہونا ہوگا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے، مہنگائی پر قابو پایا جائے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا کیے جائیں۔ اگر ہم قومی اتحاد، دیانت داری اور اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تو 2026 پاکستان کے لیے خوشحالی، استحکام اور ترقی کا سال بن سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں