تاجروں کے گوداموں پر چھاپے،قانونی طور پر درآمد شدہ سامان ضبط کرنا غیر قانونی ہے، مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، سیکرٹری مالیات حاجی صالح محمد، حاجی قاسم خلجی، عبدالصمد حقیار، مفتی محمد ابوبکر، مفتی رضا خان، حاجی ظفراللہ کاکڑ، میر سرفراز شاہوانی، سیٹھ اجمل بازئی اور دیگر رہنماؤں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کوئٹہ کے تاجروں کے گوداموں پر چھاپوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجروں کا معاشی قتلِ عام فی الفور بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں پہلے ہی کاروباری سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں جس کے باعث تاجر برادری شدید معاشی دباؤ اور اذیت ناک حالات سے دوچار ہے۔ ایسے نازک حالات میں تاجروں کے گوداموں پر چھاپے مارنا اور قانونی طور پر درآمد شدہ سامان کو ضبط کرنا سراسر غیر قانونی، غیر آئینی اور غیر انسانی عمل ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس طرزِ عمل سے نہ صرف تاجروں کا اعتماد مجروح ہو رہا ہے بلکہ صوبے میں سرمایہ کاری کا ماحول بھی بری طرح متاثر ہو کر تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اس سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور اپنے بے لگام ٹولے کو لگام دے بصورتِ دیگر جمعیت علماء اسلام تاجروں کے جائز حقوق کے حصول کے لیے ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تاجروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند اور ضبط شدہ سامان واپس کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں