چھتر (این این آئی)صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی کا ڈیرہ مراد جمالی کے لیے ڈھائی ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح صوبائی وزیر برائے محکمہ آبپاشی بلوچستان میر محمد صادق عمرانی نے نصیرآباد ڈویژن کے ہیڈکوارٹر شہر ڈیرہ مراد جمالی کے لیے ڈھائی ارب روپے کے خصوصی ترقیاتی فنڈز سے تیار کردہ ماسٹر پلان برائے آبنوشی، نکاسی آب، گلیوں کی پختگی اور گلیوں کی لائینگ کے منصوبوں کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ ان منصوبوں کا مقصد شہر کے دیرینہ شہری مسائل کا پائیدار حل فراہم کرنا اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے افتتاحی تقریب کے موقع پر ایکزیکٹیو انجینئر روڈز نصیرآباد عبدالرحمن خان کاکڑ نے ماسٹر پلان پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے تحت جدید تقاضوں کے مطابق صاف پانی کی فراہمی، برساتی اور سیوریج پانی کی مؤثر نکاسی، شہر کی گلیوں اور محلوں کی پختگی، جبکہ گلیوں میں باقاعدہ لائینگ کا نظام متعارف کرایا جائے گا تاکہ مستقبل میں نکاسیآب کے مسائل سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹر پلان اس انداز سے ترتیب دیا گیا ہے کہ شہر کی آبادی میں اضافے کے باوجود سہولیات دیرپا اور مؤثر رہیں اس موقع پر صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت شہری ترقی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے اور ڈیرہ مراد جمالی جیسے اہم شہر کے لیے ڈھائی ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح و بہبود کی واضح مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف شہری انفراسٹرکچر بہتر ہوگا بلکہ صحت، صفائی اور روزمرہ زندگی کے مسائل میں بھی نمایاں کمی آئے گی صوبائی وزیر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ان منصوبوں کے ثمرات مل سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا ناقص کام کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں گے تقریب میں مختلف محکموں کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہریوں نے ڈیرہ مراد جمالی کے لیے ماسٹر پلان کے اجرا کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان منصوبوں سے شہر کی مجموعی صورتحال میں مثبت تبدیلی آئے گی اور ڈیرہ مراد جمالی ایک جدید اور ترقی یافتہ شہر کے طور پر ابھرے گا۔

