کشمیری عوام کا حقِ خودارادیت کوئی سیاسی نعرہ نہیں،سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت تسلیم شدہ عالمی وعدہ ہے،سردار عبدالرحمن کھیتران

کوئٹہ(این این آئی)صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلوچستان سردار عبدالرحمن خان کھیتران نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کا حقِ خودارادیت کوئی سیاسی نعرہ نہیں بلکہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی وعدہ ہے، جسے آج تک پورا نہیں کیا جا سکا۔5جنوری، یومِ حقِ خودارادیتِ کشمیر کے موقع پر اپنے ایک خصوصی بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ دن اقوامِ متحدہ کی جانب سے کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق دینے کے وعدے کی یاد دہانی ہے، مگر بدقسمتی سے دہائیاں گزرنے کے باوجود یہ وعدہ وفا نہ ہو سکا۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ کشمیری عوام آج بھی جبر، تشدد اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں، جو عالمی ضمیر کے لیے ایک سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا اور ان کے جائز حق کے لیے عالمی فورمز پر مؤثر آواز بلند کرتا رہے گا۔ صوبائی وزیر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ محض بیانات تک محدود نہ رہے بلکہ اقوامِ متحدہ اپنی ہی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے تاکہ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دیا جا سکے۔آخر میں سردار عبدالرحمن خان کھیتران نے کہا کہ 5 جنوری کا دن اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں