وکلا ء کا پاکستان کی جمہوری ترقی میں کردار،پیپلز پارٹی ہمیشہ حامی رہی ہے،فیصل کریم کنڈی

ڈیرہ اسماعیل خان (این این آئی)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وکلا کا پاکستان کی جمہوری ترقی میں کردار رہا ہے پیپلز پارٹی ہمیشہ وکلا کی حامی رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ اسماعیل خان، تحصیل بار درابن اور کلاچی کے لیئے مجموعی طور پر پینتالیس لاکھ کی گرانٹ کے چیک دینے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت قانون کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس حوالہ سے تعاون کیا اس ضمن میں رکن قومی اسمبلی سردار فتح اللہ خان میاں خیل نے بھی بھرپور کردار ادا کیا، انہوں نے کہا کہ ملک اور بالخصوص صوبہ میں انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی میں یہاں کے وکلا نے تاریخی کام کیا بڑے نامور ججز کا تعلق اسی ضلع سے رہا ہے انہوں نے کہا کہ ہم متحد ہوکر اس علاقہ میں امن بھائی چارے عوامی مسائل کے حل کے لیئے کام کرینگے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کے صدر قیضار خان میاں خیل کو پچیس لاکھ، کلاچی بار کے صدر یاسر خان کو دس لاکھ، درابن بار کے صدر گل رحمان خان کو دس لاکھ کی گرانٹ کا چیک دیا انہوں نے کہا کہ پروا اور پہاڑ پور بار ایسوسی ایشنز کے لیئے بھی گرانٹ کی جلد فراہمی یقینی بنائی جائے گی،ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ کے صدر اور پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر قیضار خان میاں خیل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر فیصل کریم کنڈی نے پہلے بھی ہائی کورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار کے مسائل کے حل میں کردار ادا کیا۔ آج ڈسٹرکٹ بار کے ساتھ ساتھ تحصیل بارز کے لیئے چیکوں کی فراہمی پر انکے شکر گذار ہیں یہ گورنر کا ہوم ڈسٹرکٹ ہے ہمیں یقین ہے کہ مزید مسائل کے حل میں بھی وہ کردار ادا کرینگے، تقریب میں خیبر پختون خواہ بار کونسل کے ممبر سردار حشمت رحمان سدوزئی ایڈوکیٹ، ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری سردار عدنان سعید سدوزئی، فنانس سیکرٹری شیخ محمود الحسن ایڈوکیٹ، حبیب اللہ خان میداد خیل ایڈوکیٹ،پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری عابد اعوان ایڈوکیٹ، پیپلز لائرز فورم کے راہنما شاہ فہد انصاری ایڈوکیٹ، سردار حزب اللہ خان گنڈہ پور ایڈوکیٹ،بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں