ڈیرہ اسماعیل خان (این این آئی)گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم خان کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماء مذاکرات کرنے کی بات کرتے ہیں، جبکہ بانی پی ٹی آئی ملک کو انتشار کی طرف لے جا رہے ہیں، وزیراعظم پاکستان نے بھی پی ٹی آئی سے مذاکرات کی بات کی ہے، سیاسی مسائل مل بیٹھ کر حل ہوتے ہیں، شرائط پر بات نہیں ہوسکتی، دہشتگردی کے پی ٹی سی ڈیرہ اور ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملوں میں افغان شہری ملوث نکلے ہیں، افغانیوں کی واپسی حکومت کا فیصلہ ہے، افغانی قانونی طور پر کاروبار اور ملازمتوں کے حوالے سے ویزے حاصل کرکے پاکستان آسکتے ہیں، غیرقانونی افغانیوں کے حوالے سے حکومت کا فیصلہ اٹل ہے، وزیراعلی خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی پنجاب دورے پر گئے، لیکن دونوں جانب سے غلط تاثر دیا گیا سندھ میں وزیراعلی خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی کے دورے کے موقع پر وزیراعلی سندھ نے ان کو سیکورٹی کی آفر کی ہے، سندھ حکومت وزیراعلی کے پی کے کے دورہ سندھ کے حوالے سے خیبرپختونخواہ حکومت سے رابطے میں ہے، جس کا مقصد دورہ کے دوران انتشار کا نہ ہو، وزیراعلی خیبرپختونخواہ اپنے عہدے کا لحاظ رکھیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ کنڈی ماڈل فارم میں پریس کانفرنس کے موقع پر کیا، اس موقع پر پیپلزپارٹی کے ڈویژنل صدر و صدر ڈسٹرکٹ بار سردار قیضار خان میانخیل،ضلعی صدر پاکستان پیپلزپارٹی ڈیرہ ملک فرحان افضل دھپ،خیبرپختونخواہ بار کونسل کے ممبر سردار حشمت نواز سدوزئی، ملک عابد اعوان، سردار عدنان خان سدوزئی،حبیب اللہ میداد خیل سمیت دیگر قائدین بھی موجود تھے، گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم خان کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہے، صوبے میں آپریشن کی ضرورت ہے، خیبرپختونخواہ پولیس اور بالخصوص ڈیرہ پولیس پر ہمیں فخر ہے، امن کیلئے پولیس اور سیکورٹی اداروں نے مثالی قربانیاں دی ہیں،آئین میں گورنر راج کا آپشن موجودہے، لیکن اس وقت صوبے میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں، صوبے کے وفاق سے متعلق مسائل پر ہم وفاق سے بھی بات کرنے کو تیار ہیں، سندھ حکومت اور بلاول بھٹو زرداری کے بے حد مشکور ہیں کہ انہوں نے سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی)ہسپتال کی منظوری دی ہے، جس کیلئے اراضی کا تعین صوبائی حکومت سے مشاورت کے بعد کیا جائیگا، ہسپتال کے قیام کے بعد یقینی طور پر ڈیرہ اسماعیل خان کی عوام کو بھی صوبہ سندھ کی طرز پر صحت کی بہترین سہولیات فراہم ہونگی، اسی طرح وزیراعظم پاکستان سے مشاورت کے بعد انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں جدید تعلیم کے حصول کیلئے دانش سکول کی منظوری دی ہے، اس کیلئے بھی اراضی کے تعین کے بعد دانش سکول ڈیرہ میں قائم کر دیاجائیگا، انہوں نے کہا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے ایم ڈی گیس نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ ڈیرہ میں گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی، واپڈا کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے بھی واپڈا سے رابطے میں ہیں، پیسکو کے لاسز کو کم کرنے کے حوالے سے بھی کام کیاجارہاہے، انہوں نے کہاکہ سیاست میں اتار چڑھاؤ سیاست کا حصہ ہے، انشا اللہ اگلی حکومت پیپلزپارٹی کی ہوگی،اور بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم پاکستان ہونگے، پیپلزپارٹی کے ڈویژنل صدر سردار قیضار خان میانخیل نے کہا کہ پیپلزپارٹی متحد ہے، پارٹی میں غلط فہمیاں اور اختلاف ہوتے رہتے ہیں، انکی ناراض دوستوں سے بات ہوئی ہے، انشا اللہ یہ غلط فہمیاں بھی جلد دور ہو جائیں گی، پیپلزپارٹی عوامی جماعت ہے، الیکشن کے دوران پیپلزپارٹی نے ڈیرہ کی نشستوں پر الیکشن لڑکر کامیابیاں حاصل کیں ہیں۔

