اسلام آباد(این این آئی)پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 14سال بعد براہ راست پروازیں بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پروازوں کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا۔بنگلہ دیش کی قومی ایئرلائن نے بتایا کہ ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کی جارہی ہیں۔بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کی پہلی پرواز ڈھاکہ سے براہ راست کراچی کے لئے 29جنوری کو شیڈول ہے اور یہ ہفتے میں دو بار چلائی جائے گی، جو سال 2012ء کے بعد پہلی باقاعدہ پرواز ہوگی۔ایئرلائن کی منیجر بشری اسلام نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہم ہفتہ وار دو پروازوں کے ساتھ ڈھاکہ،کراچی روٹ دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز نے ایک بیان میں کہا کہ براہ راست پروازوں کی بحالی سے بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان رابطوں میں نمایاں بہتری آئے گی، جس سے کاروباری سفر، سیاحت اور خاندانوں کے درمیان رابطوں میں مدد ملے گی۔بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو فی الحال دبئی اور دوحہ جیسے خلیجی مراکز کے ذریعے کنیکٹنگ فلائٹس استعمال کرنی پڑتی ہیں۔نومبر 2024ء میں کراچی سے بنگلہ دیش کی اہم بندرگاہ چٹاگانگ کے لیے مال بردار بحری جہازوں نے بھی آمد و رفت دوبارہ شروع کر دی تھی۔گزشتہ ماہ بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کے ساتھ ملاقات کے دوران امید ظاہر کی تھی کہ کراچی اور ڈھاکا کے درمیان براہ راست پروازیں جنوری میں شروع ہو جائیں گی۔

