گورنر تبوک پرنس فہد بن سلطان دالبندین سے وطن واپس روانہ

دالبندین (این این آئی) سعودی عرب کے گورنر تبوک، پرنس فہد بن سلطان بن عبدالعزیز السعود، ضلع چاغی کے مختلف علاقوں میں تین ہفتے تک شکار کھیلنے کے بعد جمعہ کی صبح دالبندین ایئرپورٹ سے واپس روانہ ہوگئے۔پرنس فہد بن سلطان ہر سال دسمبر اور جنوری کے مہینوں میں دالبندین اور اس کے گرد و نواح میں شکار کے لیے آتے ہیں۔ اس سال بھی انہوں نے ضلع چاغی کے مختلف علاقوں میں شکار کیا اور مقامی روایات سے لطف اندوز ہوئے۔دالبندین ایئرپورٹ پر پرنس فہد بن سلطان کو ڈپٹی کمشنر چاغی، سابق صوبائی وزیر امان اللہ نوتیزئی اور دیگر اعلیٰ حکام نے رخصت کیا۔ اس موقع پر علاقے کے معزز قبائلی عمائدین اور سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں جن میں سابق چیئرمین میر داؤد خان نوتیزئی، پرنس حاجی محمد جان کشانی، میر ثنااللہ خان نوتیزئی، سردار حاجی شاہ جان کشانی، حاجی عبد اللطیف نوتیزئی اور چیئرمین شیر جان کشانی شامل تھے۔پرنس فہد بن سلطان کی روانگی کے موقع پر دالبندین ایئرپورٹ اور اس کے اطراف میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر الرٹ رہے۔واضح رہے کہ پرنس فہد بن سلطان کے دورے کو مقامی سطح پر اہمیت دی جاتی ہے، اور ان کی آمد سے علاقے میں معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔ اور سیکڑوں افراد کا روزگار لگ جاتا ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں