نوجوان کسی بھی صورت ملک و ریاست مخالف پروپیگنڈا کا شکار نہ ہوں،سیدال خان ناصر

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما ڈپٹی چیئر مین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ پاکستان اور بلوچستان کی اصل طاقت اس کے نوجوان ہیں صوبے کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت اور جذبہ موجود ہے، جسے بروئے کار لانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہر ممکن اقدامات کر رہی ہیں،صوبے کے نوجوانوں کو 5ہزار اسکالرشپس، مالی طور پور خود مختار بنانے کے لیے ہنر مندپروگرام شروع کیے گئے جن کے دو ر رس نتائج مرتب ہونگے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں نوجوانوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا تقریباً 64 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، جبکہ بلوچستان میں نوجوان آبادی کا تناسب 60 فیصد سے زائد ہے، جو اس صوبے اور ملک کے مستقبل کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی آبادی کے 26فیصد نوجوان 15 تا 29 سال کی عمر کے افرادجو ملک کے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں نوجوانوں کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہیں۔ وفاقی حکومت کے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت بلاسود قرضے، اسکل ڈیولپمنٹ، انٹرن شپ پروگرامز اور لیپ ٹاپ اسکیم جیسے منصوبے شروع کیے گئے ہیں تاکہ نوجوان خود روزگار اور باعزت روزی کما سکیں۔ اسی طرح بلوچستان حکومت کے یوتھ اسکل ڈیولپمنٹ اور RISE پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرائم منسٹر یوتھ ڈیولپمنٹ پیکج کے تحت 60,000 انٹرنشپ، 100,000 تربیتی پروگرامز، 100,000 لیپ ٹاپس، اور 5,000 بلوچستان کے طلباء کے لیے اسکالرشپس جیسی سہولیات مہیا کی جارہی ہیں۔ صوبہ بلوچستان میں RISE پروگرام تقریباً 16.79 ارب روپے کی لاگت سے نوجوانوں کو مہارت، روزگار اور معاشی مواقع فراہم کر رہا ہے۔ ہم نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، اور روزگار کے مواقع فراہم کرکے نہ صرف ان کے مستقبل کو محفوظ بنائیں گے بلکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کو بھی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں مسلم لیگ (ن) کی قیادت، وفاقی حکومت اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا اس بات پر اتفاق ہے کہ نوجوانوں کو درست راہ پر گامزن کرنا اور ان کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی صورت ملک و ریاست مخالف پروپگنڈا کا شکار نہ ہوں اور تعلیم، ہنر اور مثبت سوچ کو اپنائیں تا کہ وہ ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھنے میں اپنا کردار ادا کر یں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں