ایچ ڈی پی نے مرکزی کونسل تحلیل کرتے ہوئے 5رکنی الیکشن کمیٹی قائم کردی

کوئٹہ(این این آئی)ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی کونسل کا اہم اجلاس چیئرمین عبدالخالق ہزارہ کی صدارت میں پارٹی کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوا اجلاس میں پارٹی کے مرکزی کونسل کی مدت پوری ہونے پر 24 اور 25 جنوری کو پارٹی کی قومی کانگریس منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مرکزی کونسل تحلیل کردی اور 5 رکنی الیکشن کمیٹی قائم کرتے ہوئے عبوری اختیارات الیکشن کمیٹی کے سپرد کردیئے گئے الیکشن کمیٹی کا چیئرمین ڈاکٹر محمد تقی اراکین میں ڈاکٹر سخی، منظور حنان، فداحسین اور امداد نویان ہونگے۔اجلاس میں کہا گیا کہ پارٹی اپنی جمہوری سیاسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے کوئٹہ کے شہریوں اور ہزارہ قوم کیلئے بہترین مثال قائم کرنے کی کوشش کرے گی پارٹی کی قومی کانگریس میں صوبے کی سیاسی جماعتوں اور ہزارہ قوم کے مختلف سماجی، ادبی، علمی اور فنی اداروں کو مبصر کی حیثیت سے دعوت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ الیکشن کمیٹی فوری طور پر اپنی زمہ داریاں سنبھال کر انتخابی عمل کا سلسلہ شروع کریں اور الیکشن شیڈول کا اعلان کرکے ضابطہ اخلاق اور کاغذات نامزدگی کی وصولی کی تاریخ دیں تاکہ انتخابات مقررہ وقت پر منعقد ہوسکیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ دو روزہ قومی کانگریس کے دوران پارٹی کارکردگی رپورٹ پیش کی جائیگی جبکہ ملکی سیاست اور عالمی تبدیلیوں پر سیر حاصل گفتگو ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں