لاہور(این این آئی) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ و پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمودخان اچکزئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ راجہ ناصر عباس نے جمعہ کی صبح چوہدری عباس کے گھر گئے جہاں سینئر صحافیوں حسن نثار،سہیل وڑائچ،اوریا مقبول جان،میاں افتخار،وکیل رہنما لطیف کھوسہ، پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر معین قریشی سمیت وکلاء، صحافیوں، سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقات کی۔محمودخان اچکزئی نے کہا کہ زندہ دلان لاہور ہم آپ کے شہر میں آئے ہوئے ہیں،لاہور عالم فاضل لوگوں کا شہر ہے ہم اس لئے نہیں آئے کہ لاہور والوں کو لیکچر دیں بلکہ ہم اس لئے آئے ہیں کہ یہ ملک ہم سب کی بدکاریوں نا اہلیوں کی وجہ سے ہمہ جہت بحرانوں میں مبتلا ہوچکا ہے اب ان بحرانوں سے نکلنے کیلئے عوام کو ہمت کرنی ہوگی یہ ملک اگرچہ بہترین قیمتی وسائل اور محنت کش لوگوں کا ملک ہے لیکن اس کے باوجود یہاں کے عوام بھوکوں مر رہے ہیں۔ اللہ تعالی قرآن مجید میں فرماتا ہے کہ کون ہیں وہ لوگ جو دین کو جھٹلاتے ہیں اور مسکینوں یتیموں بے سہاروں کے سر پر ہاتھ نہیں رکھتے اور غریب کی روٹی کا بندوبست نہیں کرتے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو دین کو جھٹلاتے ہیں، آئیں ہمارے ساتھ عقل شریک کریں یہ ہمارا ملک ہے اس کو ہم نے بچانا ہے ابھی جو آٹھ فروری کا الیکشن ہوا اس کی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی کہ ملک کی اعلی عدالت نے سب سے بڑی پارٹی سے انتخابی نشان چھین لیااوروہ دو سو سے زائد انتخابی نشانات پر الیکشن لڑی یہ تو جوانوں کی سونامی تھی کہ تمام ملک کی سیٹیں جیت لیں لیکن زر اور زور کی بنیاد پر فارم 47 کے ذریعے تمام سیٹیں چھین لی گئیں دن بہ دن یہ ملک ان حکمرانوں کی وجہ سے کھڈے میں گر رہا ہے ان حکمرانوں کے اپنے گھروں میں خواتین کو بھی پتہ ہے کہ ہم نے الیکشن نہیں جیتا۔ قرآن کریم حکم دیتا ہے کہ آپ عدل کریں تاکہ تقوی کے قریب ہوں جب انصاف نہیں ہوگا تو نفرتیں جنم لیں گی اور نفرتیں کدورتوں اور جنگوں کو جنم دیتی ہیں،ملک میں جو کوئی سچ کہتا ہے وہ غدار ہے اور جو بکتا ہے وہ وفادار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی صفوں میں ایورگرین سیاستدانوں کو جگہ نہ دے۔

