کوئٹہ(این این آئی) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت شہر میں روٹی کی قیمتوں میں من مانی اضافہ اور وزن میں کمی کے خلاف کارروائی کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران روٹی کی مقررہ قیمتوں اور طے شدہ وزن پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سرکاری نرخنامے اور مقررہ وزن پر کسی بھی قسم کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ شہر میں روٹی کے وزن یا قیمت میں کمی بیشی کرنے والے نان بائیوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں جرمانے، دکانوں سیل اور مقدمات کا اندراج بھی شامل ہیں اس حوالے سے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر سخت چیکنگ کو یقینی بنائیں اور عوام کو مقررہ قیمت اور وزن کے مطابق روٹی کی فراہمی ہر صورت ممکن بنائیں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے سختی سے ہدایت کی کہ عوام کے معاشی استحصال کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے گا اور روٹی کی قیمتوں و وزن میں کمی کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

