لاہور (این این آئی) فاؤنڈر ز گروپ کے سرگرم رکن،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے جواہرات اور قیمتی پتھروں کے لئے قومی پالیسی فریم ورک کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تفویض کردہ اقدامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے،پاکستان میں جواہرات اور قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں جن کے جغرافیے اور مالیت کے تعین کے لیے ترجیحی بنیادوں پر جیولوجیکل سروے کرایا جانا چاہیے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے ملک میں جیم اسٹونز سے متعلق دو اسٹیٹ آف دی آرٹ سینٹرز آف ایکسیلینس کے قیام کی بھی ہدایت خوش آئند ہے جس سے پاکستان کے ذخائر کے مقابلے میں برآمدات میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔انہوں نے کہا کہ و فاقی حکومت سے اپیل ہے کہ تمام متعلقہ اداروں، صوبائی حکومتوں اور اسٹیک ہولڈرز کے لئے متفقہ پلیٹ فارم تشکیل دیاجائے،عالمی معیار کی لیبارٹریز اور سرٹیفیکیشنز کے نفاذ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں جبکہ بیرونی سرمایہ کاری کے لیے موزوں ماحول فراہم کیا جائے۔ اس کے لئے ٹیکنالوجی کا حصول نا گزیر ہے جس کے لئے مختلف ممالک سے جوائنٹ ونچر کرنے کی ضرورت ہے اور خاص طو رپر ٹیکنالوجی کو پاکستان منتقل کیا جائے اور اپنے لوگو ں جدید ہنر سکھانے کے لئے ترغیب دی جائے۔

