کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، سید حاجی عبدالواحد آغا، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عبدالصمد حقیار، سیکرٹری مالیات حاجی صالح محمد، مولوی علی جان، عبدالباری شہزاد، مولوی جمال الدین حقانی، حاجی عطاء محمد شمشوزئی اور دیگر رہنماؤں نے کہا مسائل کے حل کے لیے آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیہ پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔تمام سیاسی جماعتوں، گرینڈ الائنس، تاجر تنظیموں کا ایک موقف خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام عوامی مسائل پر کسی صورت خاموش نہیں بیٹھے گی۔ مظلوم، محروم اور پسے ہوئے طبقات کی ترجمان بن کر ہر فورم پر ان کے حق میں توانا آواز بلند کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام مہنگائی، بے روزگاری، بدانتظامی اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث ستم در ستم کا شکار ہیں جبکہ اربابِ اقتدار شیشے کے محلوں میں بیٹھ کر عوام کی آہوں اور سسکیوں سے بے نیاز ہو چکے ہیں۔ حکمرانوں کو نہ عوامی مشکلات کا احساس ہے اور نہ ہی ان کے حل کی کوئی سنجیدہ کوشش نظر آتی ہے انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ حق و صداقت کی سیاست کی ہے اور آئندہ بھی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ عوام کے جائز حقوق کے لیے ہر آئینی، جمہوری اور عوامی جدوجہد کی جائے گی، اور کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ عوام کے صبر کو کمزوری سمجھے۔ اگر عوامی مسائل کے حل میں تاخیر اور غفلت کا سلسلہ جاری رہا تو جمعیت علماء اسلام عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاجی تحریک چلانے سے بھی گریز نہیں کرے گی۔

