کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ کے دارالامان سے دیوار پھلانگ کر لڑکی فرار ہوگئی، انتظامیہ نے مقدمہ درج کرلیا تاہم اڑھائی ماہ گزرنے کے باوجود لڑکی بازیاب نہ ہوسکی۔ تفصیلات کے مطابق قلعہ سیف اللہ سے تعلق رکھنے والی رخسار دختر ناظم نامی لڑکی گھر سے فرار ہوگئی تھی جس کے بعد اس کے شوہر نے مبینہ طور پر اسے سول ہسپتال کوئٹہ میں چھوڑ دیا تھا۔بعدازاں لڑکی کو ویمن پولیس سٹیشن منتقل کیا گیا جبکہ 21اکتوبر 2025کو لڑکی کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے حکم پر دارالامان کوئٹہ منتقل کیا گیا تھا جہاں سے وہ24اکتوبر 2025کو فرار ہوگئی۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر دارالامان کوئٹہ کے حکام نے بتایا کہ 24اکتوبر کو رخسار دارالامان کو ئٹہ کے عقب میں واقعہ درخت سے دیوار پھلانگ کر بھا گ گئی تھی جس کی ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہے جبکہ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی بھی عمل لائی گئی ہے۔ کوئٹہ کے بروری تھانے میں در ج کی جانے والی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ رخسار نامی لڑکی 24اکتوبر کو دن 1بجے اس وقت فرار ہوئی جب دوپہر کے وقت تمام عورتوں کو سلائی کا کام سیکھانے کے لیے باہر نکالاگیا تھا۔بلوچستان حکومت کے حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی کے اہلخانہ سمیت دیگر متعلقہ افراد سے رابطہ کیا جارہا ہے تاہم ابتک لڑکی سے متعلق معلومات یا اسے بازیاب نہیں کروایا جاسکا ہے شبہ ہے کہ وہ مبینہ طور پر اپنے شوہر کے ہمراہ فرار ہوئی ہے جبکہ مزید معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔

