سری لنکا نے داسن شاناکا کی ٹی20 ورلڈ کپ میں جارحانہ نصف سنچری کی مدد سے جمعرات کو عمان کے خلاف میچ میں 105 رنز کے بڑے مارجن سے فتح حاصل کر لی ہے۔
داسن شاناکا نے 19 گیندوں پر نصف سینچری سکور کی جو سری لنکا کی جانب سے ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں تیز ترین ففٹی ہے۔
جمعرات کو کینڈی میں کھیلے گئے اس میچ میں سری لنکا نے ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا 225 رنز کا سکور بنایا اور بعد میں عمان کی ٹیم کو صرف 120 رنز تک ہی محدود رکھا۔
کپتان شاناکا نے، جو کمزور کارکردگی کی وجہ سے دباؤ میں تھے، شاندار بیٹنگ کی اور دو چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔ ان کے علاوہ کوشل مینڈس نے بھی 45 گیندوں پر 61 اور رتنایاکے 60 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جواب میں عمان کی ناتجربہ کار ٹیم اننگز کے آغاز سے ہی دباؤ میں رہی اور مقررہ 20 اووروں میں نو وکٹوں کے نقصان پر صرف 120 رنز ہی بنا سکی۔
عمان کی جانب سے سب سے زیادہ 53 رنز محمد ندیم نے سکور کیے جبکہ دوسرے نمایاں بلے باز وسیم علی تھے جنہوں نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔
سری لنکا کی جانب سے کل سات بولروں کو استعمال کیا گیا جن میں پتھیرانہ اور داسن شاناکا کے علاوہ دیگر پانچ بولر وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔
یہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی شریک میزبان سری لنکن ٹیم کی دوسری لگاتار فتح تھی جس کے بعد اس کے پوائنٹس 4 ہو گئے ہیں۔

