ڈیرہ بگٹی (این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ڈیرہ بگٹی میں محکمہ ایجوکیشن سے متعلق موصول ہونے والی شکایات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں انہوں نے ضلعی افسرِ تعلیم (ڈی او) اور ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) سے بات کر لی ہے، جبکہ تمام متنازعہ تقرریوں کے آڈرز منسوخ کر دیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ جن افراد کی تعلیمی اسناد جعلی ثابت ہوں گی، ان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 420 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امیدوار جس یونین کونسل سے تعلق رکھتا ہے، اسی یونین کونسل میں اس کی تعیناتی کی جائے گی، جبکہ میٹرک، ایف اے اور بی اے کی اسناد کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد ہی تقرری کے احکامات جاری کیے جائیں گے ایسے ملازمین کا تبادلہ بھی نہیں کیا جائے گا۔میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ جن افراد کو کسی بھی قسم کی شکایت درپیش ہو، وہ اپنے شواہد کے ہمراہ پاکستان ہاؤس سوئی میں میرے چھوٹے بھائی میر آفتاب خان سے رجوع کریں۔ وزیراعلیٰ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ جعلی اسناد اور بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

