کوئٹہ(این این آئی) صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری سے مختلف وفود نے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ پسماندہ اور دیہی علاقوں کی ترقی سے ہی عوام کے مسائل کا پائیدار حل ممکن ہے انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان کو چند لمحوں کے لیے پیچھے تو دھکیلا جا سکتا ہے، تاہم حکومت کی عوامی خدمت کو روکا نہیں جا سکتا۔ عوام کی فلاح و بہبود کا یہ عمل پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا کہ محکمہ بلدیات و دیہی ترقی عوام کے بنیادی مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور اس عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اس موقع پر سردار محمد علی جتک، میر گل محمد جتک سمیت دیگر قبائلی عمائدین بھی موجود تھے جنہوں نے صوبائی مشیر سے ملاقات کی صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے سیکرٹری محکمہ خزانہ لعل جان جعفر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور باقاعدہ طور پر چارج سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے سیکرٹری خزانہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں گے۔

