رمضان نگہبان پیکیج کے لیے 4ارب روپے کا آپریشنل بجٹ طلب

لاہور(این این آئی)رمضان نگہبان پیکیج 2026 کے موثر اور شفاف نفاذ کے لیے 4ارب روپے کا آپریشنل بجٹ طلب کر لیا گیا جس کے تحت مستحق خاندانوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام انتظامی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق مجوزہ بجٹ میں سے 3.5ارب روپے بینک آف پنجاب کے ذریعے انتظامی اور مالی امور پر خرچ کیے جائیں گے جبکہ 50 کروڑ روپے عوامی آگاہی مہم کے لیے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ حکومت کا ہدف ہے کہ جدید ڈیٹا مینجمنٹ اور شفاف نظام کے ذریعے امداد صرف حقدار افراد تک پہنچے۔حکام کے مطابق بینک آف پنجاب رمضان نگہبان پیکیج کے تحت خصوصی اے ٹی ایم کارڈز تیار کرے گا جو مستحقین میں تقسیم کیے جائیں گے۔ یہ کارڈ تحصیل سطح پر قائم کیمپس کے ذریعے عوام کو فراہم کیے جائیں گے تاکہ لوگوں کو سہولت کے ساتھ امداد مل سکے۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت رواں سال بھی رمضان نگہبان پیکیج کے تحت 30 ارب روپے تقسیم کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں