ننکانہ صاحب(این این آئی)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ننکانہ بیوٹیفکیشن پلان کے تحت ضلعی انتظامیہ نے ننکانہ سٹی کی پبلک پارکس میں بیوٹیفکیشن کے کاموں کا آغاز کر دیا۔ضلع میں شہری خوبصورتی کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے پیر احمد شاہ روڑ کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے پیر احمد شاہ روڑ سے ملحقہ پارکس میں خوبصورتی کے جاری کاموں کا معائنہ کیا۔متعلقہ افسران نے منصوبے کی پیشرفت، معیارِ تعمیر اور تکمیل کے ٹائم لائن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے پبلک پارکس میں بیوٹیفکیشن کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ننکانہ سٹی کی پبلک پارکس میں نئے واکنگ ٹریکس، لائبریرز، فوڈ کارنر، بیٹھنے کے انتظامات، فاونیٹن، نئی گھاس و درخت، مونومنٹس لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہری خوبصورتی کے عمل میں معیار اور پائیداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو دیرپا اور بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔ شہری بیوٹیفکیشن کے منصوبے شہر کی مجموعی خوبصورتی اور عوامی سہولت میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیوٹیفکیشن منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے۔ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکموں کے افسران فیلڈ میں موجود رہ کر کام کی مسلسل مانیٹرنگ کریں۔ضلعی انتظامیہ شہری سہولیات کی بہتری اور شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ڈی سی ننکانہ نے مزید کہا کہ حکومتی ویژن کے مطابق عوام الناس کو بہتر ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

