قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات کا اظہارتعزیت

کوئٹہ +اسلام آبا(این این آئی)قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے ملک کی نامور سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں تعزیتی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد قائم مقام چیئرمین سینیٹ کی بھاوج کے انتقال پر دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرنا تھا۔تعزیت کے لیے آنے والوں میں سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان، وزیر تعلیم بلوچستان و سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی محترمہ راحیلہ درانی، سابق سینیٹر حافظ حمداللہ خان، ممتاز کاروباری و سماجی شخصیت میجر (ر) عامر، مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر نائب صدر علی اکبر گجر، اسداللہ، عبدالخالق علی اچکزئی اور معروف قانون دان بیرسٹر ضیاء شامل تھے۔ملاقات کے دوران معزز وفود نے مرحومہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، ان کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ وفود نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اس مشکل گھڑی میں مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا یقین دلایا۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے تعزیت کرنے والے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں دوستوں، احباب اور معزز شخصیات کی جانب سے اظہارِ ہمدردی ان کے لیے باعثِ تسلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں ساتھ دینا انسانی اقدار اور بھائی چارے کی بہترین مثال ہے، جسے وہ دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں