پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتی ہے،میر لیاقت لہڑی

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماو پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتی ہے عوام کے مسائل کے حل میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گی۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں علاقے کے معززین، عوامی نمائندوں سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کے دوران شرکاء نے پارلیمانی سیکرٹری میرلیاقت لہڑی کو اپنے اپنے حلقوں میں درپیش عوامی و انتظامی مسائل، ٹرانسپورٹ سے متعلق مشکلات اور بنیادی سہولیات کی کمی کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیاجن میں گیس، بجلی، پانی اور سیوریج جیسے اہم اور دیرینہ مسائل سرِفہرست تھے۔پارلیمانی سیکرٹری میرلیاقت لہڑی نے عوا م کے مسائل بڑی سنجیدگی اور توجہ سے سنے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کا حل اْن کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت عوامی خدمت پر پختہ یقین رکھتی ہے اور عوام کے مسائل کو مؤثر انداز میں متعلقہ ایوانوں اور فورمز تک پہنچا کر ان کے عملی اور پائیدار حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ میر لیاقت لہڑی نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے گیس، بجلی، پانی اور سیوریج سے متعلق مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں