پیپلز پارٹی کا 58واں یومِ تاسیس بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے 58ویں یومِ تاسیس کے موقع پر پیپلز سندھ ٹیوٹا ایمپلائز یونین کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی میزبانی یونین کے صدر زاہد تاج بلوچ اور جنرل سیکرٹری احمد علی شاہ نے کی، جبکہ تقریب میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں، مزدور نمائندوں، کارکنان اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں پیپلز پارٹی کے سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی، پیپلز پارٹی ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند چیئر مین اسٹیویٹا جنید پلندڈائریکٹر اسٹیویٹا طارق منظور چانڈیو وپیپلز لیبر بیوروکراچی کے صدر اسلم سموں سمیت دیگر معزز مہمانوں نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ آج کا دن محض جشن کا دن نہیں بلکہ تجدیدِ عہد کا دن ہے، جو ہمیں اپنے عظیم قائدین کے افکار اور مشن کو آگے بڑھانے کا پیغام دیتا ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد عوامی حقوق، سماجی انصاف اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے رکھی گئی تھی۔ پارٹی کے بانی قائد ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ملک کو ایک متفقہ آئین دیا، جبکہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے آمریت کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں، جدوجہد اور عوام دوستی سے عبارت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں جمہوریت کے قیام اور استحکام کے لیے پیپلز پارٹی نے جو قربانیاں دیں، وہ ناقابلِ فراموش ہیں اور تاریخ میں انہیں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ آج بھی پیپلز پارٹی ملک میں آئین کی بالادستی، جمہوری نظام کے تسلسل اور عام آدمی کے حقوق کے لیے صفِ اول میں کھڑی ہے اور ہر مشکل مرحلے پر قربانیاں دے رہی ہے۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں پارٹی کارکنان پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قائدین کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے حق اور سچ کا ساتھ دیں اور عوامی خدمت کے مشن کو مزید مضبوط کریں۔ انہوں نے اتحاد، نظم و ضبط اور قربانی کے جذبے کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔تقریب کے اختتام پر پیپلز سندھ ٹیوٹا ایمپلائز یونین کے صدر زاہد تاج بلوچ نے تمام معزز مہمانوں، رہنماؤں اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پارٹی کا یومِ تاسیس ہمیں اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا حوصلہ دیتا ہے۔ بعد ازاں 58ویں یومِ تاسیس کا کیک مہمانوں اور شرکاء کے ہمراہ کاٹا گیا، جبکہ شرکاء نے پارٹی قیادت سے اظہارِ یکجہتی بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں