کوئٹہ(این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف ریاست اور عوام کا عزم غیر متزلزل ہے اور ہمارے بہادر شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی یہ بات انہوں نے ہفتہ کے روز کوئٹہ میں شہداء کی نماز جنازہ میں شرکت اور پولیس لائن میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں اور شہداء کے لواحقین سے ملاقات کے دوران کہی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کا جرات اور عزم کے ساتھ مقابلہ کیا، اور ریاست ہمیشہ مظلوم کے ساتھ کھڑی رہی ہے انہوں نے کہا کہ شہداء رسولؐ اللہ کے ساتھ اٹھیں گے اور بلوچستان کے عوام ان کے خون کے مقروض ہیں وزیر اعلیٰ نے شہداء کے لواحقین سے وعدہ کیا کہ خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لیا جائے گا اور ورثاء حوصلہ اور صبر کا دامن مضبوطی سے تھامے رکھیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز اور عوام کی بہادری کو سراہا اور کہا کہ ہمارے جوانوں نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائی کی انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو ناقابلِ فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کو سلام پیش کرتی ہے وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے ریاستی ادارے اور سیکیورٹی فورسز ہر لمحہ چوکس اور سرگرم ہیں اور دہشت گرد عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

