کوئٹہ(این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی اور کور کمانڈر بلوچستان نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال کوئٹہ جاکر دہشتگردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی وزیرداخلہ، وزیر اعلی بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان نے زخمی اہلکاروں کے بلند حوصلے کو بھی سراہا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آپ نے شیروں کی طرح دہشتگردوں کے حملوں کا مقابلہ کیا اورانہیں ناکام بنایا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش ناکام بنانے پر آپ کی جرات کو سلام پیش کرتا ہوں آپ ہمارے شیر ہیں اورقوم آپ کے ساتھ ہے۔زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کا کہنا تھا کہ صحتیاب ہو کر دوبارہ اس فتنے کے خلاف لڑیں گے ہمارے جذبے بلند اور عزم پختہ ہیں ہم نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو نیست و نابود کرنا ہے۔زخمی پولیس اہلکارنے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے ناسور کے خاتمے کیلئے ہماری اور ہمارے بچوں کی جانیں بھی حاضر ہیں۔

