رکھنی(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما و صوبائی وزیر سردا رعبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ رکھنی کی پہنچان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اسے کوہ سلمان نہیں بلکہ رکھنی ڈویژن ہی ہونا چاہئے،بارکھان اورکھیتران قوم نے ہر مشکل گھڑی میں مجھ پر اعتماد کیا ہے جن پر انکا شکر گزار ہوں میرا جینا مرنا اپنی قو م کیساتھ ہے اور بارکھان کی ترقی و خوشحالی میرا اولین مشن ہے، پاک فوج کے جوان ہماری عزت اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔یہ بات انہوں نے منگل کو رکھنی میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ا س سے قبل صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران رکھنی پہنچے تو انکا والہانہ استقبال کیا گی اور عوام نے انہیں ایک بڑے جلوس کی شکل میں جلسہ گاہ لایا جلوس کے شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان کے جھنڈے اٹھارکھے تھے اور فضا پاکستان زندہ باداور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔سردارعبدالرحمن کھیتران نے عظیم الشان اجتماع کو “پاکستان زندہ باد ریلی” کا نام دیتے ہوئے اسے پاک فوج کے نام منسوب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان ہماری عزت اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سردار عبدالرحمٰن کھیتران نے کہا کہ بارکھان اور کھیتران قوم نے ہر انتخاب اور ہر مشکل گھڑی میں مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، میں اس کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرا جینا مرنا اپنی قوم کے ساتھ ہے اور بارکھان کی ترقی و خوشحالی میرا اولین مشن ہے۔مخالفین کے پروپیگنڈے کا جواب دیتے ہوئے سردارعبدالرحمن نے واضح کیا کہ وہ رکھنی کو ڈویژن کا درجہ ملنے پر بے حد خوش ہیں کیونکہ اس سے علاقے میں ترقی آئے گی تاہم وہ نام کی تبدیلی کے خلاف ہیں۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ رکھنی کی اپنی ایک صدیوں پرانی پہچان ہے ہم اسے کوہِ سلیمان ڈویژن کا نام دینے کے خلاف ہیں دوسو سال سے اس کا نام رکھی ہے اور آئندہ بھی یہ رکھنی کے نام سے ہی پہچانا جائے گا۔جلسہ کے اختتام پر سردار عبدالرحمٰن کھیتران نے جلسہ میں موجود عوام سے ملک کی سلامتی اور پاک فوج کی حمایت کا عہد لیا جس پر ہزاروں افراد نے “لبیک” کہہ کر اپنے قائد کی آواز پر لبیک کہا۔ سردار عبدالرحمن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بارکھان کی خوشحالی کے لیے اپنی کوششیں اسی طرح جاری رکھیں گے اور کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

