دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں،ان کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے،حاجی علی مدد جتک

کوئٹہ(این این آئی)صوبائی وزیر داخلہ وقباہلی امور اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما حاجی علی مدد جتک نے گزشتہ دنوں کوئٹہ میں پیش آنے والے دہشت گردانہ واقعات میں وطن کے دفاع کی خاطر جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس کے اے ایس آئی محمود الرحمن بازئی شہید اور سپاہی عبدالغنی شہید کے ایصالِ ثواب کے لیے علیحدہ علیحدہ فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور غم زدہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ یہ بہادر جوان قوم کا فخر ہیں جنہوں نے امن و امان کے قیام اور وطن کی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ان عظیم شہداء کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔حاجی علی مدد جتک نے واضح کیا کہ دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام اپنی پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر فخر کرتے ہیں جو دن رات امن کے تحفظ کے لیے قربانیاں دے رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا دو ٹوک اور واضح مؤقف ہے کہ آئین و قانون کو نہ ماننے اور ہتھیار اٹھانے والوں سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو سکتے۔ ریاست دشمن عناصر، بشمول فتنہ الخوارج، کے خلاف ریاستی ادارے پوری قوت کے ساتھ کارروائی کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس قوم میں اپنے دفاع کی ایسی صلاحیت موجود ہو وہ ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنا جانتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں